اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ماننے سےانکار کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور جے یو آئی کے سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا رویہ مایوس کن ہے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کیلئے حکمت عملی طے کرنی ہوگی، جس پر پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر کا کہناہے کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر نہیں ماننے گے تو ہم بھی قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو اپوزیش لیڈر تسلیم نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں، اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نا ماننے پر اتفاق کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی ،جس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران کہا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے رویہ سے مایوس ہیں۔
دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کے لئے حکمت عملی طے کرنی ہوگی۔
اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے معاملے میں پیپلزپارٹی نے باپ سے حمایت مانگ کر سب کو مایوس کیا ہے۔