کہوٹہ (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے سینئرنائب صدراورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت بنانے اور گرانے کے کھیل میں پڑنے کے بجائے مشکل فیصلے کرنا ہونگے، پی ڈی ایم اقتدار، مفاد اور کرسی کی جنگ نہیں بلکہ ایک مقصد ہے، ملک میں ضابطہ، نظام اور آئین کی کوئی قدر نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ پی ڈی ایم کی تحریک میں شامل رہیں،تحصیل کہوٹہ کے دورہ کے موقع پرصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےانہوں نےکہاکہ پی ڈی ایم ایک تحریک کا نام ہے اور اسکا ایک مقصد ہے، ملک اس وقت مشکل میں ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، ووٹ کو عزت دیں، ہمارا فوج سے جھگڑاہے اور نہ ہی کسی اور سے، ہر ادارہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کریگا تو ملک ترقی کریگا، 2018کا الیکشن چرایا گیا ہے، شفاف طریقے سے دوبارہ الیکشن کرا کر اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کو دیا جائے،آج ملک کے حالات بد ترین سطح پر ہیں، جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے وہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئے، ہمارے بجلی وگیس کے فنڈز آج تک استعمال کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) میں کوئی اختلافات نہیں،میرا کسی گروپ سے نہیں صرف مسلم لیگ(ن) سے تعلق ہے،ہمیں اختلافات کا حصہ نہیں بننا چاہئے، لوگ ناراض ہمارے کارکن ہیں انہوں نے ووٹ دئیے ہوتے ہیں انکو راضی کیا جائے ،انہوں نےکہاکہ جس ملک میں ضابطہ نہ ہو، آئین نہ ہو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا،جو پی ڈی ایم سے الگ ہوگا وہ نقصان میں ہوگا، لانگ مارچ کا فیصلہ ہوا تھا، استعفوں سے تحریک کامیاب ہوجاتی کیونکہ اتنے لوگ چلے جائیں تو حکومت نہیں چل سکتی،پی پی پی کے پاس تعداد کم اور ہمارے ممبر زیادہ ہیں،ہم پنجاب میں تبدیلی کے چکر میں نہیں پڑنا چاہتے۔اس موقع پر چیئر مین نارہ ماسٹر(ر) یونس، صوفی عبدالرحیم ، چیئر مین لہڑی راجہ ممتاز ،میجر (ر) عبدالراؤف جنجوعہ، عبدالقدوس عباسی اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ شاہدخاقان عباسی نے تحصیل کہوٹہ کے مختلف دیہاتوں اور یونین کونسلز کا دورہ کیا، لیگی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔