• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ تیسری آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اس تقریب کا اہتمام سفارتخانہ پاکستان، برسلز نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے کیا تا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھا جا سکے اور ان کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے شرکت کی، جن میں اکیڈمیا، پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے ، کاروباری وسماجی خدمات فراہم کرنے والے اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گزشتہ کھلی کچہری کے دوران کمیونٹی ممبران سے حاصل کردہ تجاویز اور آراء پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت خانہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کمیونٹی کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیتا رہے گا تاکہ کمیونٹی کی تجاویز کے ذریعے خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنا ئی جا سکے۔

سفیرِ پاکستان نے 6 مارچ 2021 کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر منعقدہ ویبنار میں شرکت کرنے پر کمیونٹی کے ممبران کی تعریف کی، اور انہیں اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تاکید کی۔ 

سفیر پاکستان نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔

کورونا وبا کی تیسری لہر سے درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے  سفیر پاکستان نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور بیلجیم اور لکسمبرگ کی حکومتوں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ 

انہوں نے کمیونٹی کو غیر ضروری سفر سے بچنے اور بروقت کورونا وائرس کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ترغیب بھی دی۔

اس موقع پر کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور مؤثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔

تازہ ترین