اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے ریفرنس کی سماعت کی۔
نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے دورانِ سماعت عدالت کو بتایا کہ یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے، نہ ہی ان کے وکیل آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے، صرف استثنیٰ کی درخواست آئی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے یہ بھی کہا کہ خود پیش نہیں ہوتے تو کم از کم ان کا وکیل یا کوئی نمائندہ تو پیش ہو۔
نیب کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ غیر حاضر تمام ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کریں۔
جج اصغر علی نے کہا کہ کچھ دیر انتظار کر لیتے ہیں، اگر کوئی پیش نہیں ہوتا تو وارنٹ جاری کر دیں گے۔
جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکیل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں مصروف ہیں، جو کچھ دیر میں عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔