معروف عالمِ دین طارق جمیل کے کپڑوں کا برانڈ ’ایم ٹی جے‘ لانچ کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ایم ٹی جے‘ کی افتتاحی تقریب ڈیفنس میں منعقد کی گئی جس میں معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں راحت فتح علی خان اور شفقت امانت علی نے بھی شرکت کی اور حمد باری تعالیٰ پڑھ کر تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کپڑوں کا برانڈ متعارف کرانے کی وضاحت دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا تھا کہ وہ یہ برانڈ اپنے مدرسوں کو چلانے کے لیے لانچ کر رہے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے اپنے وضاحتی پیغام میں کہا تھا کہ وہ یہ برانڈ کسی کاروباری نیت یا کسی کے مقابلے میں لانچ نہیں کر رہے بلکہ مدارس کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ایسا کیا جارہا ہے۔
ممتاز مبلغ نے کہا تھا کہ چند دوستوں نے مل کر اس برانڈ کو متعارف کروانے کی کوشش کی ، مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ سہیل نے اس میں اہم کردار ادا کیا اور تعاون کا ہاتھ بڑھایا اور اس کے بعد میرے نام سے ایم ٹی جے برانڈ کے نام کا آغاز کیا گیا۔