• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان سمیع بھی لیجنڈ شوکت علی کی وفات پر افسردہ

سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے لیجنڈری فوک گلوکار شوکت علی کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شوکت علی کی موسیقی میں شراکت انمول رہی اور وہ بلاشبہ ایک حیرت انگیز آواز کے مالک تھے۔

عدنان سمیع نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شوکت علی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیجنڈ گلوکار شوکت علی کی وفات کی خبر نے انہیں افسردہ کردیا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’موسیقی میں ان کی شراکت ناقابلِ فراموش ہے بلاشبہ وہ ایک بہترین آواز رکھتے تھے۔‘

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے شوکت علی کے بلند درجات کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ معروف لوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے، وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔


شوکت علی نے زندگی کے تقریباً 55 سال فن کی دنیا کو دیے، اس دوران انہوں نے پنجابی لوک گانوں کے علاوہ صوفیانہ کلام بھی گایا جبکہ اردو میں بھی نغمے ریکارڈ کروائے اور ان کے ملی نغمے بھی بہت مقبول ہوئے۔

1965 کی پاکستان انڈیا جنگ کے دنوں میں انہوں نے ایک گانا ریکارڈ کروایا تھا ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن، ساتھیو، مجاہدو‘ بہت مقبول ہوا اور آج بھی اکثر سننے کو ملتا ہے۔

شوکت علی کو ان کی فنی خدمات کے صلے میں 1990 میں صدارتی تمغۂ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

تازہ ترین