• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب اختر کا فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر تبصرہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کے فخر زمان کو رن آؤٹ کرنے اور پھر طنزیہ ہنسی پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ  ڈی کوک نے جو کیا وہ اچھے کھیل کا معیار نہیں ہے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائقین کرکٹ کیلئے ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں انہوں نے میچ پر تبصرہ اور تجزیہ پیش کیا۔

ویڈیو میں شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ’فخر زمان کے 200 رنز نہیں ہوسکے ، میں اسے چیٹنگ تو نہیں کہوں گا لیکن یہ اچھے کھیل کا معیار نہیں ہے۔‘

سابق فاسٹ بولر نے گزشتہ روز کھیل کے دوران ہونے والے واقع سے متعلق موجود کرکٹ قوانین کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’آئی سی سی کے قوانین کے 41.5 آرٹیکل میں یہ واضح لکھا ہوا ہے کہ اگر آپ جان بوجھ کر کسی دوسرے کھلاڑی کا دھیان بٹانے کی کوشش کریں گے تو اضافی 5 رنز دیے جائیں گے اور ساتھ ہی وہ بال بھی دوبارہ ہو گی اور اس پر جو رنز کھلاڑی لے گا وہ بھی شامل کیے جائیں گے۔‘


اپنی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے شعیب اختر نے فخر زمان کی تعریف میں لکھا کہ ’فخر زمان نے شاندار اننگز کھیلی، میچ دیکھ کر مزہ آیا کہ فخر اکیلے ہی میچ کو آخر تک لے کر آئے۔‘

فخر زمان کی ڈبل سنچری مکمل نہ ہونے پر افسوس کرتے ہوئے شعیب اختر نےکہا کہ ’اننگز کا اختتام افسوسناک تھا ۔ فخر 200 رنز کے حقدار تھے ۔‘

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان جنوبی افریقی وکٹ کیپر کے جھانسے میں آکر رن آؤٹ ہوگئے تھے۔ میچ میں فخر زمان نے 155 گیندوں پر 193 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔

تازہ ترین