• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ ای سی کی خودمختاری ختم کرکے وزارت تعلیم کے ماتحت کرنیکا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) کی خود مختاری ختم کرتے ہوئے اسے وزارت تعلیم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ایچ ای سی سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دیدی ہے، کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے آرڈیننس کی منظوری دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی کے تمام فیصلے وزارت تعلیم کی منظوری سے مشروط ہونگے، صدر عارف علوی آرڈیننس کی منظوری دے دیں گے، آرڈیننس کو ایچ ای سی ترمیمی آرڈیننس 2021 کا نام دیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی 2 سال کیلئے ہوگی اور ممبران ایچ ای سی کی تعیناتی4 سال کیلئے ہوگی، چیئرمین اور ممبران ایچ ای سی مزید ایک ٹرم بھی لے سکیں گے۔ دریں اثناء فپواسا سندھ شاخ کے جنرل سکریٹری آصف حسین سموں نےایچ ای سی کو وزارت تعلیم کے زیر انتظام دینے والے غیر قانونی فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ فپواسا پاکستان کے احتجاج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے فپواسا سندھ نے بھی صوبے بھر کی جامعات میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ فپواسا سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی خودمختاری غصب کرنے والے حکومتی آرڈیننس کو لانے والے حکومت کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ فپواسا سندھ کے صدر لیاقت علی تنیو نے کہا ہے کہ ایچ ای سی کی خودمختاری کو غصب کرنا پورے پاکستان کی جامعات کی خودمختاری غصب کرنے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین