• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: پی ٹی آئی حکومت پاکستان میں نوجوانوں کیلئے بہتر منصوبے تشکیل دے رہی ہے، قونصل جنرل

پاکستان کے قونصل جنرل ابرار احمد ہاشمی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان میں نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بہتر منصوبہ تشکیل دے رہی ہے، کیونکہ نوجوان نسل ہی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں۔ 

یہ بات انہوں نے پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک کی رہائشگاہ پر ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں کانگریس کے سابق رکن ران رائیٹ کی اہلیہ اور کانگریس کی امیدوار سوزین رائیٹ، سٹی کونسل کے اراکین سمیت پاکستانی امریکی سیاستدانوں اور مختلف شعبوں تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

قونصل جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 63 فیصد نوجوان ہیں، اس طرح نوجوان پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ ہیں، جو ملک کا بڑا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے، اس طرح موجودہ حکومت بھی نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

ابرار احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ امریکہ میں پاکستانی امریکن مسلم کمیونٹی کا کردار شاندار اور قابلِ فخر ہے کیونکہ ہماری کمیونٹی کے افراد نے تعلیم، طب اور کاروباری سطح پر امریکی معاشرے میں اپنی محنت کی بنیاد پر اپنا مقام بنایا ہے، جو قابل ستائش اقدام ہے۔

قونصل جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قونصل کی تمام سروسز آن لائن کر دی گئی ہیں، اس طرح اب دیگر دور دراز شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ہیوسٹن کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں اور وہ قونصل کی آن لائن سروسز سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔

ابرار ہاشمی نے کہا کہ صرف جائیداد کے کاغذات اور بینک اکاؤنٹ سے متعلق کاغذات کی تصدیق کے لیے کمیونٹی کو قونصل آنا اس لیے ضرور ہے تاکہ اس ضمن میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں اور اکاؤنٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا فراڈ نہ ہوسکے۔

اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان نے پاکستان سوسائٹی کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قونصل خانہ کی جانب سے ویزا کیمپ قونصلر سروسز کیمپ لگانے میں پاکستانی سوسائٹی کے اراکین اور ان کی ٹیم ہمیشہ بھر پور مدد فراہم کرتی رہی ہے، جس میں ان کا شکر گزار ہوں۔

اس موقع پر سابق کانگریس کے رکن ران رائیٹ کی اہلیہ سوزن رائیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مرحوم شوہر نے بحیثیت رکن کانگریس اور کانگریس میں موجود فارم کمپنی کے اندر پاکستان اور کشمیر کے موقف کی بھر پور حمایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث ان کے انتقال کے سبب اس نشست پر وہ انتخاب لڑ رہی ہیں اور وہ امید کرتی ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی اس ضمن میں ان کا بھر پور ساتھ دے گی۔

آرلنگٹن شہر کے قونصل ممبر مارون ستن جو میئر کے امیدوار ہیں، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ہمیشہ بھرپور خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور بحیثیت قونصل ممبر انہوں نے شہر کی خدمت کی اور بحیثیت میئر وہ پورے شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور تمام کمیونٹی کو ایک ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ آرلنگٹن کو ڈریم سٹی بنانے کے خواہشمند ہیں، انہوں نے کہا کہ میرا یہ مشن ہے کہ شہر کو اور سٹی ہال کی تعمیر نو کی جائے، جبکہ اس حوالے سے انہوں نے کمیونٹی سے مدد کی اپیل بھی کی۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے قونصل جنرل سمیت عمائدین شہر کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے عشائیہ میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سوسائٹی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے سابق رکن کانگریس ران رائیٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کانگریس مین ران رائیٹ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور وہ ہم سے ملے، وزیر اعظم کشمیر سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، اب ان کی ایک خالی کردہ نشست پر ان کی اہلیہ سوزین رائیٹ امیدوار ہیں، جس کی وہ اور ہماری کمیونٹی بھر پور مدد کرے گی۔

انہوں نے آرلنگٹن شہر کیلئے میئر کے امیدوار کونسل مین مارون ستن کو بھی بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔

اس تقریب کی نظامت فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کی، تقریب میں عمائدین شہر جس میں حفیظ خان، ڈاکٹر ریاض حیدر، سید فیاض حسن، آفتاب صدیقی، امیر علی روپانی، برکت بسریا، اٹارنی نعیم سکھیا، ڈاکٹر جاوید اجمل، افتخار سعید، معروف صنعتکار، وقار خان سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر آنے والے افراد کی تواضع پُرتکلف کھانوں سے کی گئی، پروگرام کے آخر میں میزبان عابد ملک اور ان کی اہلیہ نوشین ملک نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے قونصل خانہ کی جانب سے پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک کو ان کی کمیونٹی خدمامات پر شیلڈ بھی پیش کی۔

تازہ ترین