چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس مسترد کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے پیپلز پارٹی سے وضاحت مانگ لی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اگر شوکاز واپس ہونا چاہئے تو لیڈر آف دی اپوزیشن بھی واپس ہونا چاہئے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی وضاحت دے کہ اس نے بی اے پی سے ووٹ کیوں لیے؟۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر آف دی اپوزیشن حکومتی اتحاد سے منتخب ہو یہ بے اصولی ہے جو قابل قبول نہیں، حکومتی اتحاد کے ساتھ ساز باز کرکے اقتدار حاصل کرنا غیر جمہوری عمل ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف ناراض نہیں، بے اصولی سے متفق نہیں۔ امید ہے کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی اپنے اپنے پلیٹ فارم سے سلیکٹڈ حکومت کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن آئندہ دو سے چار روز میں اجلاس بلائیں گے، اجلاس میں احتجاجی پروگرام فائنل ہوگا جس پر عید کے بعد بھرپور عمل ہوگا۔