لاہور(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے نیب کی ٹیم کو جیل میں میاں شہبازشریف سے تفتیش کی اجازت دے دی ہے ، نیب راولپنڈی کی ٹیم نے میاں شہبازشریف سے جیل میں تفتیش کے لئے اجازت مانگ لی ،قومی احتساب بیورو نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات شروع کردی ہیں،میاں شہباز شریف کے خلاف پنجاب پرونیشنل بینک کے سی ای او سید طلعت کی تعیناتی کی غیر قانونی طور منظوری دینے کی انکوائری شروع کی گئی ہے،نیب نے صدر پنجاب پرونشنل گورنمنٹ بینک سید طلعت کی تعیناتی سے متعلق اجازت مانگی ،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ طلعت محمود کی تعیناتی میں بے ضابطگیاں ہوئیں،نیب نے استدعا کی کہ جیل میں شہباز شریف سے تفتیش کیلئے اجازت دی جائے جس پر عدالت نے تفتیشی ٹیم کو جیل میں شہباز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی ہے ،عدالت کی جانب سے سپرٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کو باقاعدہ حکم نامہ بھی ارسال کردیاگیاہے۔