• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدارتی ایوارڈ یافتہ پاپ سنگر محمد علی شہکی کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پریس کلب کے عہدیداران سمیت شہرت یافتہ فنکاروں نے بھی شرکت کی اور اپنے ساتھی فنکار کو مبارکباد اور تحائف پیش کیے۔

اس تقریب میں معروف مزاحیہ فنکار حنیف راجا، ایاز خان، نامور گلوکار عارف انصاری، سریلی گلوکارہ رینا عرفان، ابھرتی ہوئی اداکارہ ایمی خان اور دیگر شخصیات نے محمد علی شہکی سے جڑی یادوں کا ذکر کیا جبکہ کمپئرنگ کے فرائض اختر علی اختر نے انجام دیئے۔

تقریب میں کراچی پریس کلب کی جانب سے پاکستان میں درجنوں سپر ہٹ ملی نغمے گانے والے نامور فنکار محمد علی شہکی کو حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمینس ملنے کی خوشی میں سندھ کی روایتی ٹوپی، تعریفی شیلڈ اور اجرک پیش کی اور ساتھی فنکاروں نے کیک بھی کاٹا، فنکاروں نے قہقہوں کا طوفان بھی برپا کیا اور آواز کا جادو جگاکر سماعتوں میں رس بھی گھولا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گلوکار محمد علی شہکی نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ساتھ ہی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کا ممنون ہوں کہ انہوں نے میرے اعزاز میں اتنی شاندار تقریب کا انعقاد کیا، فنکاروں کو ایوارڈ پر نظر رکھنے کے بجائے اپنے کام کو بہتر سے بہترین بنانا چاہیے، مجھے درجنوں ایوارڈز مل چکے ہیں، میرے لیے اصل ایوارڈ آپ دوستوں کی محبتیں ہیں جو اب  جب تک مجھے پسند کرتے رہیں گے۔۔

انہوں نے کہا کہ نئے ملی نغمے اور رومانس سے بھرپور گیت پیش کرتا رہوں گا، مجھے پی ٹی وی سے پہلا چیک 75 روپے کا ملا تھا، جو تین دن بعد اکاؤنٹ میں جمع ہوا، ’ہما ہما کر بھیا‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی، آج بھی یہ ملی نغمہ یوٹیوب پر 90 لاکھ شائقین موسیقی نے دیکھا اور اسے پسند کیا۔

معروف مزاحیہ فنکار ایاز خان نے کہا کہ محمد علی شہکی کا شمار پاکستان کے ابتدائی گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے قومی گیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی بچے بچے کو یاد ہے۔

نامور کمپیئر اور مزاحیہ اداکار حنیف راجا نے کہا کہ شہکی نے شہرت کے آسمان کو چھونے کے باوجود انکساری کا دامن نہیں چھوڑا، بہت ہی محبتی انسان اور سچے فنکار ہیں۔

مشہور گلوکار عارف انصاری نے بتایا کہ انہوں نے شہکی کے ساتھ ایک نیا فارسی گیت ریکارڈ کروایا ہے جو امیر خسرو کا لکھا ہوا ہے، اسے عید کے بعد ریلیز کیا جائے گا، الن فقیر کے بعد وہ اب عارف انصاری کے ساتھ آواز کا جادو جگائیں گے۔

گلوکارہ رینا عرفان نے کہا کہ محمد علی شہکی کے گیت آج بھی بہت پسند کئے جاتے ہیں، وہ مختلف ممالک میں پاکستان کی پہچان ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ 

صدر پریس کلب فاضل جمیلی نے کہا کہ عید کے بعد محمد علی شہکی کی شایانِ شان محفل موسیقی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ان سے ان کے گائے ہوئے صدا بہار گیت بھی سنیں گے۔

اس موقع پر نامور صحافی فہیم صدیقی، اطہر جاوید صوفی، ثاقب صغیر، امتیاز بخاری، نجم احمد، جبران سرفراز اور دیگر نے بھی محمد علی شہکی سے اپنی محبتوں کا اظہار کیا۔

تقریب کا اختتام محفل موسیقی اور پر تکلف عشائیہ پر ہوا، کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری وسیع قریشی نے تمام مہمانوں کا کراچی پریس آمد پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین