دورہ زمبابوے میں ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان کے پہلے 2 روزہ پریکٹس میچ میں بیٹسمینوں نے خوب بیٹنگ کی۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے دوسرے روز 90 اوورز کے کھیل میں مجموعی طور 392 رنز بنے۔
بیٹسمینوں نے تین سیشنز میں پیئر کی صورت میں بھرپور بیٹنگ کی، اظہر علی، سعود شکیل، عابد علی اور فواد عالم نے ناقابلِ شکست نصف سنچریاں بنائیں جبکہ عمران بٹ اور آغا سلمان نصف سنچریاں بناکر آؤٹ ہوئے۔
پہلے سیشن میں 28 اوورز کے کھیل میں اظہر علی نے 60 اور سعود شکیل نے 86 رنز اسکور کیے، اس سیشن میں بغیر نقصان کے 146 رنز بنے۔
دوسرے سیشن میں عمران بٹ اور عابد علی نے 30 اوورز کے کھیل میں 120 رنز اسکور کیے۔ عابد علی 60 جبکہ عمران بٹ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دن کے تیسرے اور آخری سیشن میں آغا سلمان اور فواد عالم نے 32 اوورز میں 126 رنز اسکور کیے۔
آغا سلمان 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، فواد عالم 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے روز کے کھیل میں زاہد محمود اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔