کراچی میں مذہبی تنظیم کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، اسٹارگیٹ پر مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ کیا۔
پرتشدد احتجاج کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ حب ریور روڈ اور کورنگی ڈھائی نمبر میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔
کراچی میں صبح سے شام تک حالات معمول پر تھے، لیکن شام کے وقت اسٹار گیٹ کا علاقہ اُس وقت میدان جنگ میں تبدیل ہوا، جب پولیس نے سڑک کے ایک طرف موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔
رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی، مظاہرین کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ کے باعث ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔
پتھر لگنے سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے جبکہ موٹر سائیکلوں پر سوار اور پیدل چلنے والے کئی لوگ زخمی ہوئے۔
پرتشدد احتجاج کے بعد شارع فیصل پر ایک بار پھر بدترین ٹریفک جام ہوا اور کام سے گھروں کو جانے والے ہزاروں شہری گھنٹوں راستہ کھلنے کا انتظار کرتے رہے۔
معروف ڈپارٹمنٹل اسٹور پر رمضان کی خریداری کیلئے آئے ہوئے درجنوں شہری محصور ہوکر رہ گئے۔
پولیس نے کورنگی ڈھائی نمبر اور حب ریور روڈ پر بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔
جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔