• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل جاوید کی جانب سے معاوضوں پر قانون سازی، فنکاروں کا خیرمقدم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید خان کی جانب سے شوبز شخصیات کے معاوضوں پر قانون سازی کے اعلان کے بعد اداکار ان کے اس اقدام کو سراہا رہے ہیں۔فیصل جاوید خان نے اپنی دو مختصر ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ وہ پاکستان میں ڈراما و فلم پروڈیوسرز کی جانب سے فنکاروں کو کم معاوضہ یا ڈراموں یا فلموں کے دوبارہ نشر کیے جانے پر انہیں دوبارہ معاوضہ نہ دیے جانے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قانون سازی پر کام کر رہے ہیں۔فیصل جاوید خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دنیا کے دوسرے ممالک میں ڈراموں یا فلموں کے دوبارہ نشر ہونے پر اداکاروں کو دوسری مرتبہ معاوضہ ملتا ہے جب کہ تیسری مرتبہ بھی نشر کرنے پر انہیں معاوضہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا اور ساتھ ہی لکھا کہ ہمارے ہاں تو پہلے ہی بہت سارے فنکاروں کو کام کا یا تو معاوضہ ہی نہیں دیا جاتا یا پھر بہت کم دیا جاتا ہے۔فیصل جاوید خان کے مطابق ملک میں ایسا کوئی قانون یا پالیسی نافذ نہیں ہے، جس سے مذکورہ مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ اس سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے قانون سازی کرنے میں مصروف ہیں اور وہ متعلقہ معاملے پر اسٹیک ہولڈرز سے بھی رابطے میں ہیں۔فیصل جاوید خان نے بتایا کہ جلد ہی وہ فنکاروں کو ان کے حقوق دلانے کا قانون سامنے لائیں گے، جس سے فنکاروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا اور وہ بہتر معاوضہ حاصل کریں گے۔فیصل جاوید خان نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس ضمن میں نئی قانون سازی کر رہے ہیں یا پھر ستمبر 2020 میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے کی گئی ہدایات کے مطابق قانون سازی کرنے میں مصروف ہیں۔ فیصل جاوید خان کی جانب سے اعلان کو شوبز شخصیات نے سراہا ہے۔

تازہ ترین