• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹش حکومت کا بیرونی امداد میں 5 ملین پونڈ بڑھانے کااعلان

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لئے بیرونی امداد میں مزید 5 ملین پونڈ کا اضافہ کرے گی۔ موجودہ دس ملین کے بجٹ سے پاکستان، ملاوی، زمبیا اور رواندا کی مدد کی جاتی ہے نئی امداد کورونا ویکسین کی فراہمی اور وبا سے بحالی کے لئے استعمال کی جائے گی۔ سکاٹش انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی وزیر جینی گل رتھ کا کہنا ہے کہ واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ کورونا کی وبا ابھی مستقبل قریب میں سبھی کے لئے خطرے کا باعث ہے، جس کے سدباب کے لئے ہم اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے بیرونی امداد کو 50 فیصد بڑھا رہے ہیں اور اس کو افراط زر کی شرح کے ساتھ مزید بڑھانے کا وعدہ کرتے ہیں۔ جینی گل رتھ نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی امداد میں کمی کردی ہے جو ایک افسوسناک بات ہے ان کو چاہئے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور بین الاقوامی امداد کو مزید بڑھائیں تاکہ ویکسین کے پروگرام میں مدد مل سکے اگر ہم نے اس بارے میں کوتاہی کی تو دنیا کے غریب ممالک میں بے شمار افراد کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔
تازہ ترین