• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل حکمرانوں کی جلدبازی کسی المیے کا باعث بن سکتی ہے‘ عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی ے کہا ہے کہ سلطنت عمرانیہ کے اوائل سے اب تک اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 9.1 اور بجلی کے نرخوں میں31.5جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے قوم کو زندہ درگور کررکھا ہے۔ اضافی ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ نے قوم کے ناتواں کاندھوں کو اس قدر شکستہ حال کردیا ہے کہ اس پر مزید بوجھ اٹھانے کی سکت تک باقی نہیں۔ قوم کے خون پر پلتے یہ پیراسائیڈ اب ملک کی نظریاتی اساس و اکائیوں کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ قوم مسلط کردہ حکمرانوں کے ہاتھوں زیرعتاب ہے۔ عوام بلبلا رہے ہیں پورے ملک پر اندھیر نگری چوپٹ راج والا معاملہ اسٹیج کردیا گیا ہے اور قوم اس ٹوپی ڈرامے کو دیکھنے پر مجبور ہے۔ شوگر ملز مالکان نے قوم سے 140 ارب روپے ہتھیا لئے تبدیلی سرکار کچھ نہ کرسکی آٹے میں تاریخ ساز گھپلا کیا گیا۔ تبدیلی سرکار خواب خرگوش میں رہی اددیہ ساز کمپنیاں ڈبل شاہ بنی رہیں حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔مطلب پرستی کی انتہا ہے کہ اپنے ہی ہاتھوں اپنی ہی اے ٹی ایم مشین کو جلا سے خاکستر کر ڈالا۔ عوام کی بھلا کیا حیثیت باقی بچتی ہے جس چیز پر بھی نوٹس لیا گیا اسے مزید الجھائو سے دوچار کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ حکمران بے اختیار ہیں اور ان کی یہ اختیار ہی ان کے دھاندلی زدہ اقتدار کو دوام بخشے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے گئے حکمران کہیں اپنے اناڑی پن اور جلدبازی میں کسی ایک اور المیے کا باعث نہ بن جائیں کیونکہ معاونین اور ترجمانوں کی فکری سوچ بریانی کی ایک تھیلی تک ہی محدود ہے۔ غربت و افلاس کے خاتمے کے لئے طویل المیعاد منصوبہ بندی تو ان کے پاس روز اول سے ہے ہی نہیں۔ صرف دسترخوان اور پناہ گاہوں جیسے ٹوٹکے ہی اب تک بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ رہی سہی عزت نفس کا بھی جنازہ نکالا جاسکے۔غفلت سلطانیہ کا یہ عالم ہے کہ اسے ادراک ہی نہیں کہ بلوچستان جنوبی پنجاب اور سندھ کی ہزاروں ایکڑ زمین بھوکی پیاسی سو رہی ہے آبی دہشت گردی کے باعث دریا پانی کو ترس رہے ہیں ۔
تازہ ترین