• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب رانا ثناء اللّٰہ کیخلاف کارروائی ہو گی: فواد چوہدری


وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، رانا ثناء اللّٰہ نے وہی زبان استعمال کی جوٹی ایل پی یا بانی ایم کیو ایم استعمال کرتے رہے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کواجازت نہیں دی جاسکتی کہ سرکاری افسران کو دھمکیاں دے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے گزشتہ روز چیف سیکریٹری پنجاب، کمشنر اور دیگر افسران کو دھمکیاں دیں، جس پر رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کارروائی کے لیے احکامات دیئے جا رہے ہیں، رانا ثناء اللّٰہ نے جو زبان استعمال کی اس پر ان کے خلاف پرچہ کٹے گا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کبھی کبھی بانی ایم کیو ایم بننے کی کوشش کرتے ہیں، اب تحریکِ لبیک ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے احسن طریقے سے فتنے پر قابو پا لیا، سیکیورٹی اداروں نے اس فتنے کو ناکام بنایا، مجبوری میں سوشل میڈیا پر عارضی طور پر پابندی لگائی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے، تحریکِ لبیک پر پابندی کا فیصلہ حکومت کا اپنا تھا، کسی ملک یا قوت کے کہنے پر پابندی نہیں لگائی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ریاست ہر گز کمزور ریاست نہیں، ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا، اگر سرکاری زمین پر قبضہ کیا گیا اور افسران کو دھمکیاں دی گئیں تو کارروائی ہو گی۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو رپورٹ ملی کہ بہت سے ایم این ایز نے قبضے کر رکھے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ جاتی امراء میں سرکاری زمین بوڑھی عورت کے نام کرائی گئی، بعد میں یہ زمین نواز شریف کی والدہ کے نام کرا دی گئی، اس طرح سرکاری زمین غلط طور پر ٹرانسفر کی گئی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نون لیگ عدالت جائے مقدمہ لڑے، کوئی حکومت کو بلیک میل نہیں کر سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی اور آٹے کا ریٹ کم ہوا ہے، کل یوٹیلیٹی اسٹورز نے 1 ارب روپے کی تاریخی سیل کی ہے۔

تازہ ترین