بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جعلی شناختی کارڈ کےذریعے ایک کروڑ 80لاکھ مالیت کی قیمتی اراضی بھاری رشوت لیکر پرائیوٹ پارٹی کے نام کردی، اینٹی کرپشن نے الزامات ثابت ہونے پر سب رجسٹرار سمیت کمپیوٹر سروس سنٹر کے ملازمین اورپرائیوٹ پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق عبدالحمید جو برطانیہ میں مقیم ہے کی علامہ اقبال ٹاؤن میں ایک کروڑ 80لاکھ مالیت کی دو کنال قیمتی اراضی کو جعلی شناختی کارڈ کے زریعے انوارالحق وغیرہ نے سب رجسٹرار اوردیگر عملے کوبھاری رشوت دے کر اپنے نام منتقل کروا لی۔ معاملہ اینٹی کرپشن میں آگیا جہاں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے معاملے کی انکوائری کرائی،الزامات ثابت ہونے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن علی اکبر بھٹی کے حکم پر سب رجسٹرار سمیت دیگر ملازمین وحید، محمد گلزار،محمد عثمان،منیر حسن اورپرائیوٹ افراد عامر محمود، انوار الحق، سلمان، سلیم اورنعمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔ دریں اثنا ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور ریجن علی اکبر بھٹی نے بتایا کہ ٹبہ بدر شیر اور سیٹلائٹ ٹاؤن کی واٹر سپلائی میں مبینہ ایک کروڑ52لاکھ روپے کی رقم کی خورد برد سے متعلق چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی چار دیواری کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔