عثمان مختار نے اہلیہ کی تصویروں کو بگاڑنے کی ٹھان لی
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان مختار نے اہلیہ کی تصویروں کو بگاڑنے کی ٹھان لی

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے نٹ کھٹ مزاج کے حامل   اداکار عثمان مختار کا کہنا ہے کہ انہیں اہلیہ کی تصویروں میں زبردستی شامل ہونے اور انہیں بگاڑنے کا نیا مشغلہ مل گیا ہے۔

عثمان مختار نے اہلیہ کے ہمراہ ایک پُرانی تصویر انسٹاگرام کی زینت بنائی جس میں وہ اہلیہ کے ہمراہ انتہائی مضحکہ خیز انداز میں کھڑے ہوئے ہیں اور چہرے پر مختلف زاویے بنائے ہوئے ہیں۔

اداکار نے تصویر کے کیپشن میں بھی انتہائی مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’بچپن میں میں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ہدایتکاری، اداکاری، پینٹنگ اور دیگر مشغلے اختیار کیے۔‘

اداکار نے لکھا کہ جب میں یہ سب کام کرتا تھا تو مجھے لگتا تھا کہ جیسے مجھے میری دنیا مل گئی ہے ، میرے شوق پورے ہوگئے ہیں اور میری دنیا مکمل ہوگئی ہے۔


عثمان مختار نے لکھا کہ اب اہلیہ زنیرا کی تصویروں کو بگاڑنا ان کا واحد مشغلہ رہ گیا ہے جسے وہ انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں شادی کا اعلان کرتے ہوئے اہلیہ کے بارے میں کہا تھا کہ ’زنیرا انعام خان! مجھے دُنیا کا سب سے خوش قسمت انسان بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں ایک طویل عرصے سے اس طرح کی خوشی محسوس نہیں کی، آپ میرے ہر اچھے برے لمحوں میں میرے ساتھ تھیں اور میرا سہارا بنیں۔‘


اداکار نے لکھا کہ ’چونکہ یکم اپریل سے لاک ڈاؤن لگ رہا ہے تو ہم نے ایک چھوٹی سے تقریب میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام کورونا ایس او پیز کا بھی خیال رکھا۔‘

یاد رہے کہ عثمان مختار پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار ہیں، ان کے مقبول ترین ڈرامہ میں ’انا‘ اور ’ثبات‘ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید