برمنگھم ( پ ر) قومی اسمبلی پاکستان کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نہ جانے کا فیصلہ درست ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق مشیر آزاد کشمیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہا ناموس رسالتؐ نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے دنیا کا کوئی مسلمان ختم نبوتؐ اور ناموس رسالتؐ پر نازیبا الفاظ یا گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خود موجود ہونا چاہئے تھا اور اپناتفصیلی موقف دینا چاہئے تھا۔ محمد سعید مغل نے وزیراعظم کا یہ بیان کہ ہم یورپی یونین، او آئی سی اور اقوام متحدہ کو آگاہ کریں گے، پر کہاکہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ، یورپین یونین اور او آئی سی نے کوئی حل نکالا ہے، کمزور ملکوں کی آواز کو کوئی نہیں سنتا۔ وزیراعظم قومی اسمبلی میں خود بریفنگ دیتے اور اس کے بعد قرارداد پیش کرتے تو نتیجہ بہتر نکل سکتا تھا۔ ملکوں کی پالیسی اپوزیشن اور حکومت متفقہ کرتی ہے ،کسی ایک جماعت کی پالیسی سے بہتر نتائج کی امید کم ہوتی ہے۔