کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) کوئٹہ کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں بم دھماکے میں 4 افراد شہید جبکہ2 اسسٹنٹ کمشنرز سمیت 13افراد شدید زخمی ہو گئے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، دھماکے سے پارکنگ میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سات گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیاقریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کر رہے تھے۔
دھماکے کے وقت ہوٹل میں اہم شخصیات افطار کیلئے موجود تھیں، دھماکے کی اطلاع پر سول اور بی ایم سی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملے کو فوری طلب کر لیاگیا، دھماکے کی آواز شہر بھر میں سنی گئی، سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہوٹل میں اہم شخصیات موجود تھیں۔
پولیس کے مطابق بدھ کی شب زرغون روڈ پر واقعہ سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پارکنگ میں موجود پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ اعجاز احمد ولد محمد سروراور اسسٹنٹ کمشنر جعفر آبادبلال شبیرسمیت 13افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دھماکے سےگاڑی میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریب کھڑی سات گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کر رہے تھے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فائر بریگیڈز نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب تھا، دھماکے کی اطلاع ملنے پر ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام طبی عملے کو طلب کر لیا۔
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کوئٹہ سرینا ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے قدم متزلزل نہیں ہونگے۔