کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے چیئرمین عبداللہ کرد ، صدر میر حاجی حکمت علی لہڑی اور کوئٹہ مکران یونین کے حاجی علی نواز لہڑی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر تربت کی ضلعی انتظامی افسر کو ان کے عہدے سے ہٹائے اور لیویز چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر پورے بلوچستان میں قومی شاہراہیں بلاک کرنے سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہونگے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو لہڑی ہائوس کوئٹہ میں مختلف روٹس کے ٹرانسپورٹرز کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر میر خلیج لہڑی ، حاجی عبدالرسول مینگل ، حاجی محمد اسماعیل مینگل ، بابا مینگل ، جلال مینگل ، میر عبدالرحمٰن زہری ، حاجی عبدالغفار ، حاجی خدائے داد ، آغا انور شاہوانی ، وڈیرہ حسن ، بلوچستان بس فیڈرنس تفتان کے نائب صدر حاجی ملک شاہ جمالدینی سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ، ایف سی ، کسٹم اور لیویز کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو بلاجواز تنگ کیا جارہا ہے لیویز کے ناروا سلوک کے خلاف مکران میں پنجگور ، تربت اور گوادر کی ٹرانسپورٹ گزشتہ 3 روز سے بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس کے چارج سنبھالتے ہی قومی شاہراہوں سمیت تمام علاقوں میں حالات بہتر اور امن و امان قائم ہوا ہے ۔ آئی جی پولیس کے ایکشن پر تمام قومی شاہراہوں پر پولیس ناکے ختم کئے گئے جس پر ٹرانسپورٹرز نے سکھ کا سانس لیا جس پر ہم آئی جی پولیس بلوچستان کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرح لیویز اور دیگر اداروں کے غیر ضروری چیک پوسٹیں بھی ختم کی جائیںاور لیویز کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے حلقہ انتخاب میں بھی ٹرانسپورٹرز گزشتہ 2 روز سے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت خاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم اور لیویز چیک پوسٹوں پر لیویز اہلکار مبینہ طور پر ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے ۔ نہوں نے کہا کہ ایک ہی روٹ پر چلنے والی مسافر کوچز کو جگہ جگہ چیک پوسٹوں پر گھنٹوں کھڑا کیا جاتا ہے جس سے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اگر حکومت نے فوری طور پر ڈی سی تربت کا تبادلہ ،لیویز چیک پوسٹوں کا خاتمہ نہ کیا تو ٹرانسپورٹرز تمام روٹس کی گاڑیاں کھڑی کرکے چابیاں وزیراعلیٰ کے حوالے کردیں گے اور تمام قومی شاہراہوں کوہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیں گے جس کی تمام ترذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔