• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب اموات کے بعد کورونا کیسز میں بھی دوسرے صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 857 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 986 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 698 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 78 ہزار 238 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 57 ہزار 591 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 13 لاکھ 77 ہزار 423 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 84 ہزار 935 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 593 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 76 ہزار 605 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 79 ہزار 437 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 718 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 81 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 562 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 9 ہزار 704 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کُل اموات 2 ہزار 990 ہو گئیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 71 ہزار 533 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کُل 649 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 21 ہزار 242 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 226 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 16 ہزار 26 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کُل 449 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 215 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 104 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین