• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس سے 1 دن میں 148 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب اموات کے بعد کورونا کیسز میں بھی دوسرے صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 499 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 148 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 5 ہزار 488 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 11 اعشاریہ 62 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 600 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 72 ہزار 381 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 47 ہزار 301 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار 832 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 83 ہزار 162 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 528 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 72 ہزار 619 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 76 ہزار 535 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 664 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 196 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 559 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 462 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کُل اموات 2 ہزار 953 ہو گئیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 70 ہزار 984 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کُل 649 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 21 ہزار 127 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 225 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 15 ہزار 873 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کُل 446 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 204 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 104 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین