پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے امتحانات منسوخ کرنے کے بارے میں غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ’جب طلبہ ہجوم والے کمرہ امتحان سے اپنے گھروں کو واپس جائیں گے تو ناصرف اُنہیں کورونا وائرس کا خطرہ ہوگا بلکہ وہ اپنے گھر بھی اس وبا کو لیکر جائیں گے۔‘
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ’اس کی وجہ سے ناصرف طلبہ بلکہ اُن کی فیملیز بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوں گی۔‘
اداکارہ نے وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کو اس پر غور کرنے اور سب کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار آغا علی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں امتحانات منسوخ کرکے طلبہ کو پروموٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
آغا علی نے طلباء کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’براہِ کرم! امتحانات منسوخ کرکے طلباء کو اُن کے پچھلے ریکارڈ کی بنیاد پر پروموٹ کردیں۔‘
اداکار نے کہا تھا کہ ’اس وقت پورا ملک ہی کورونا وائرس کی وجہ سے پریشر میں ہے اور ایسے میں امتحانات کی وجہ سے طلباء کو ذہنی دباؤ دینا درست نہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا تھا کہ ’مہربانی کرکے اس مسئلے کی طرف توجہ دیں۔‘