• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تُرک سیریز ’ارطغرل غازی اُردو‘ کا نیا ریکارڈ

اسلامی فتوحات پر مبنی عالمی شہرت یافتہ تُرک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے اُردو ورژن نے مقبولیت کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اُردو زبان ڈب کرنے والی تُرک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیزن 1 کی پہلی قسط پر 100 ملین ویوز آگئے ہیں۔

’ارطغرل غازی‘ کے اُردو ورژن کی پہلی قسط پر 100 ملین ویوز کے بعد اس ڈرامے نے پاکستان میں اپنی مقبولیت کے نئے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں رمضان المبارک میں اس سیریز کو سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ہمارے اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان میں اس سریز کے خوب چرچے رہے، ترک اداکاروں کو پاکستان میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب پیار دیا گیا۔

تاریخ پر مبنی ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ اپریل سے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد لاکھوں پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن بنا۔

مسلم تاریخ سے شغف رکھنے والے پہلے ہی اس سیریز کے دلدادہ ہیں اور تقریباً پوری دنیا کو اس ڈرامے نے اپنی جانب راغب کیا ہوا ہے۔

’ارطغرل غازی‘ کی تحریر و تخلیق کار محمت (محمد) بوزدک ایک منجھے ہوئے فلم ساز ہیں۔

انہوں نے کمال مہارت سے روایتی اسلامی عقائد کو اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر بُرائی کے خلاف لڑنے والے ہیرو کی کہانی کے ساتھ ملا کر جس طرح اس سیریز کے ذریعے پیش کیا ہے وہی اس کی کامیابی کی کنجی ہے۔

ارطغرل اپنے پلاٹ ، اپنی پروڈکشن اور اداکاری کے اعتبار سے بلاشبہ ایک شاہکار ہے۔ ’ارطغرل‘ ترکی کے خانہ بدوش قبیلے ’قائی‘ کی کہانی ہے۔

قائی قبیلہ ایک جنگجو قبیلہ ہے جو ایک طرف بے رحم موسموں کے نشانے پر ہے اور دوسری جانب منگولوں اور صلیبیوں کے نشانے پر ہے۔

تازہ ترین