سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے وفاقی حکومت پر آئین پاکستان کی خلاف ورزی کا الزام لگادیا۔
ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ تیل اور گیس صوبوں اور وفاقی کے مشترکہ ملکیت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان بلاکس میں مشترکہ مالک نہ بنا کر وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر تیل و گیس کی تلاش کے 6 بلاکس کمپنیوں کو دیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چیئرمین سینیٹ کی رولنگ کے باوجود صوبوں کو شریک مالک نہیں بنارہی ہے۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے یہ6 بلاکس سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی نمائندگی کے بغیر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر بلاکس دینے کا وفاقی حکومت کا اقدام قابل مذمت ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے یہ کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی پر عمل نہ کرکے صوبوں کو ان کے حقوق سے محروم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ ایک ایسے این ایف سی ایوراڈ کے تحت دیا جائے گا جو 11 سال پرانا ہے۔