• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بری میں ایشیائی دکاندار کی دکان سے ہزاروں پونڈز کے موبائل فون چوری

بری(خورشید حمید) بری کے ایک ایشیائی دوکاندار کی دوکان سے چور 22ہزار پونڈ مالیت کے فون اور دیگر سامان چوری کر کے لے گئے - تفصیلات کے مطابق پانچ بچوں کے باپ36 سالہ عماد راجہ کی بری کے راچڈیل روڈ پر موبائل فونز کی دوکان ہے جہاں یہ واردات ہوئی ، چوروں نے ہتھوڑے اور دیگر اوزاروں کی مدد سے دوکان کے تالے توڑے اور موبائل فون اور دیگر سامان لے کر چند منٹوں میں چلتے بنے ، عماد راجہ کو ان کے ایک کسٹمر نے آدھی رات کو فون کر کے بتایا کہ ان کی دوکان پر واردات ہو چکی ہے تووہ دوکان پر پہنچا جہاں انہوں نے دوکان کے باہر لوگوں کا ہجوم دیکھا ،وہ دوکان پر آئے تو صورت حال دیکھ کر ہوش وحواس کھو بیٹھے،انہوں نے کورونا کے باعث طویل لاک ڈاؤن کے بعد گذشتہ ہفتے ہی روزگار کمانے کےلئے پر امید ہو کر دوکان دوبارہ سے کھولی تھی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پولیس چوروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سے واضح ہوتا ہے کہ ایک کالے رنگ کی کار دوکان کے قریب آ کر کھڑی ہوئی جس سے تین افراد باہر نکلے اور دوکان کے شٹر پر طاقت آزمائی کے ذریعے اسے فورس کیا جب کہ دوکان کے باہر شیشے کے دروازے کو توڑنے کےلئے ہتھوڑے اور دیگر اوزاروں کو استعمال کیا گیا جس کے بعد وہ دوکان میں داخل ہوئے اور چند منٹوں میں سارا سامان اٹھا کر رفو چکر ہو گئے - دوکان کے مالک عماد راجہ نے مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پر امید ہو کرلاک ڈاؤن کے بعد دوکان پر آنا شروع کیا تھا کیونکہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ بھی متاثر ہوا تھا ،چور اس کی دوکان سے 22 ہزار پونڈ کا سامان اٹھا کر لے گئے ہیں جن میں آئی فونز 7 اور 8کی بڑی تعداد شامل ہے ، اس کے علاوہ دوکان کو بہت سا نقصان بھی پہنچا گئے ہیں جیسا کے شیشے کا دروازہ اور شٹر توڑ دیا ہے، ہزاروں بزنس مینوں کی طرح وہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بزنس کی انشورنس بھی جاری نہیں رکھ سکے ، اس کا مطلب ہے کہ انہیں انشورنس سے بھی رقم نہیں مل سکے گی اور وہ سب کچھ گنوا بیٹھے ہیں - وہ اس صورت حال سے سخت پریشان ہیں ۔

تازہ ترین