کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب مہنگائی بلند ترین ہوگئی، کیا اب ہم تھوڑا گھبرا لیں، وزیراعظم نے کرپشن کیخلاف مہم کا جھانسہ دیکر عوام کو چینی کے حصول کیلئے لمبی قطار میں کھڑا کر دیا، عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے سوال کیا کہ وزیراعظم صاحب، ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟ادویات کی قیمتوں میں سوفیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، میڈیکل اسٹور پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہےوزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کرپارہے ہیں۔