• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب کے بھائی بھی کورونا میں مبتلا

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے بھائی صمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے بھائی صمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد اُنہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے۔‘

اُنہوں نے دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بھائی اور دیگر مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں۔‘

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’یہ بھی دُعا کریں کہ ہم اس مشکل گھڑی میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سمجھداری کا مظاہرہ کریں۔‘

ترجمان سندھ حکومت نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم! سحری اور افطاری کے لیے گھروں سے باہر نہ جائیں بلکہ گھر میں ہی اہتمام کریں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’دوسرے نمازیوں کی زندگیوں کی خاطر گھروں میں ہی نماز کی ادائیگی کریں۔‘

واضح رہے کہ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی۔

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سب سے بڑا وار سامنے آگیا، مزید 201 افراد انتقال کر گئے، یہ ملک میں کورونا وائرس سے یومیہ اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 31 ویں نمبر پر ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 530 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہو چکی ہے۔

تازہ ترین