اسلام آباد( کامرس رپور ٹر) سپارک تنظیم نے نظام صحت پر پڑنے والے بوجھ میں کمی کیلئے تمباکو ٹیکس اصلاحات ماڈل"کا اجراء کر دیا ہے، اس حوالے سے آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹری ہیڈ کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز ملک عمران احمد نے بتایا کہ تمباکو نوشی سے ہونیوالی براہ راست لاگت صحت کے کل اخراجات کا 8.3 فیصد ہے جو پاکستان کے جی ڈی پی کا 1.6 فیصد ہے، موجودہ ٹیکس ڈھانچہ تمباکو کی صنعت کو سستا سگریٹ بیچنے کی آسانی فراہم کرتا ہے، ایف بی آر سگریٹ کے ڈبے کی ریٹیل قیمت میں 70 فیصد تک کا اضافہ کرے جو عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ حد بھی ہے،سپارک کے پروگرام منیجر خلیل احمد نے کہا کہ پاکستان میں سگریٹ کی قیمتیں دنیا بھر کے مقابلے میں بہت کم ہیں ،سگریٹ پر ایکسائز ٹیکس کی شرح اب بھی وہی ہے جو 5 سال پہلے تھی جسکی وجہ فیڈرل ایکسائز ٹیکس میں کوئی تبدیلی نہ ہونا اور افراط زر میں اضافہ ہے۔