• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے بابا کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا: بابیل خان

گزشتہ سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے اپنے والد کی پہلی برسی پر سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

بابیل خان نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مرحوم والد عرفان خان کی نایاب تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے ہاتھوں سے میز تیار کرتے نظر آرہے ہیں۔


عرفان خان کے بیٹے نے اپنی پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’کیمو انسان کو اندر سے جلا دیتی ہے لہٰذا چھوٹی چھوٹی چیزوں میں خوشیاں تلاش کریں جیسے میز بنانا اور خود اپنے ہاتھوں سے کوئی جرنل لکھنا وغیرہ۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’کوئی بھی میرے بابا کی جگہ نہیں لے سکتا، وہ ایک ناقابلِ تعریف انسان تھے، وہ ایک بہترین دوست، شوہر اور والد تھے۔‘

بابیل خان نے لکھا کہ ’میں اپنے بابا سے بہت زیادہ پیار کرتا ہوں اور اُنہیں ہر ایک سے زیادہ یاد بھی کرتا ہوں۔‘

اداکار کے بیٹے نے کہا کہ ’میرے بابا خلائی چیزوں میں بہت دلچسپی رکھتے تھے اور اسی لیے میں نے ایک خفیہ بلیک ہول بنایا جو ہمیں دور دراز حصوں میں لے جاسکتا ہے۔‘

بابیل خان نے مزید کہا کہ ’کاش! آج بابا میرے ساتھ ہوتے تو ہم دونوں ایک ساتھ وہاں جاتے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔

عرفان خان کے انتقال کے بعد سے اُن کی اہلیہ اور بیٹا بابیل خان سوشل میڈیا پر اُن کی حسین یادیں شیئر کرتے نظر آتے ہیں۔

وہ عرفان خان کی ان دیکھی یادوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں جنہیں دیکھ کر مداح ناصرف خوش ہوتے ہیں بلکہ اداکار کے لیے دُعا بھی کرتے ہیں۔

تازہ ترین