گزشتہ سال اس دُنیا سے رخصت ہوجانے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
بابیل خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں ایک چیٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں عرفان خان کے مداحوں نے اُن سے پوچھا کہ آپ کب عرفان صاحب کے بارے میں کچھ حسین یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے؟
اُنہوں نے اپنے والد کے مداح کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے والد کی یادیں اُن کے مداحوں کے ساتھ شیئر کرنا پسند کرتا ہوں لیکن جب جواب میں مجھے یہ کہا جاتا ہے کہ تُم صرف شہرت پانے کے لیے اپنے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہو تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘
بابیل خان نے کہا کہ ’میں صرف اس لیے والد کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا ہوں تاکہ اُن کے مداح خوش ہوسکیں لیکن جب مجھے ایسا نفرت بھرا ردعمل ملتا ہے تو میں کیا کروں؟‘
عرفان خان کے بیٹے نے کہا کہ ’جب کم ظرف لوگ مجھے یہ پیغام دیتے ہیں کہ میں والد کی یادوں کو صرف اپنے مفاد کے لیے استعمال کررہا ہوں تو مجھے بہت تکلیف پہنچتی ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے تو ایسا کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے کیونکہ میں تو پہلے سے ہی عرفان خان کا بیٹا ہوں، اُن کا نام میرے نام کے ساتھ جُڑا ہوا ہے۔‘
بابیل خان نے کہا کہ ’لوگوں کا منفی ردعمل دیکھنے کے بعد بہت پریشان ہوگیا ہوں لہٰذا صحیح وقت پر ہی درست فیصلہ کروں گا۔‘
عرفان خان کے بیٹے نے مزید کہا کہ ’بابا کے مداح حیران ہیں کہ میں اُن کی یادیں سوشل میڈیا پر کیوں شیئر نہیں کررہا ہوں۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔