گزشتہ سال اس دُنیا سے رخصت ہوجانے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے والد نے اپنے انتقال سے تین دن پہلے ہی اُنہیں اپنی موت کی خبر دے دی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے والد کی موت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’والد کے انتقال سے دو یا تین دن پہلے کی بات ہے کہ میں اُن کے ساتھ اسپتال میں موجود تھا اور اُن کی طبیعت مزید بگڑ رہی تھی۔‘
بابیل خان نے کہا کہ ’اُسی دوران والد نے میری طرف دیکھا، وہ مُسکرائے اور کہنے لگے کہ میں مرنے والا ہوں۔‘
بابیل نے کہا کہ ’جب والد نے مجھے یہ کہا تو میں نے اُن سے کہا نہیں آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اُس کے بعد میرے والد مجھے دیکھ کر دوبارہ مُسکرائے اور سوگئے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل عرفان خان کے بیٹے بابیل خان نے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’جب کم ظرف لوگ مجھے یہ پیغام دیتے ہیں کہ میں والد کی یادوں کو صرف اپنے مفاد کے لیے استعمال کررہا ہوں تو مجھے بہت تکلیف پہنچتی ہے۔‘
بابیل خان نے کہا تھا کہ ’میں اپنے والد کی یادیں اُن کے مداحوں کے ساتھ شیئر کرنا پسند کرتا ہوں لیکن جب جواب میں مجھے یہ کہا جاتا ہے کہ تُم صرف شہرت پانے کے لیے اپنے والد کی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہو تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔
عرفان خان کے انتقال کے بعد سے اُن کی اہلیہ اور بیٹا بابیل خان سوشل میڈیا پر اُن کی حسین یادیں شیئر کرتے نظر آتے ہیں۔
وہ عرفان خان کی ان دیکھی یادوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں جنہیں دیکھ کر مداح ناصرف خوش ہوتے ہیں بلکہ اداکار کے لیے دُعا بھی کرتے ہیں۔