پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ووٹرز کو بلے پر مہر لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
تاج حیدر کا الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہنا ہے کہ این اے 249 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 225 سے متعلق شکایات مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں خواتین ووٹرز کو بلے پر مہر لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے خط میں اپیل کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اس ضمن میں قانون کے مطابق ضروری کارروائی کریں۔
تاج حیدر نے کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشن اے ون اسکول میں پولیس نے 50 ووٹرز کو داخلے سے روک دیا ہے، مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہوتے ہوئے مرد ووٹرز کو کیسے روکا جا سکتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اراکین مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی ایم پی ایز حلقے میں مداخلت بند کریں، پی ٹی آئی نے قانون توڑنے کو دستور بنا رکھا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ صبح سے پی ٹی آئی ایم پی ایز، ایم این ایز انتخابی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سخت ایکشن لے۔