• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقرا عزیز کی گود بھرائی کے دوپٹے پر 100 پیغامات

بہت جلد ننھے مہمان کی والدہ بننے والی خوبرو اداکارہ اقرا عزیز کے گود بھرائی کی رسم پر پہنے دوپٹے پر 100 خصوصی پیغامات لکھے گئے تھے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

اقرا عزیز کی گود بھرائی کے دوپٹے کو تیار کرنے والے ڈیزائنر حسین نے ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب اقرا اُن کے پاس اپنی گود بھرائی کے دوپٹے اور لباس کی ڈیزائننگ کے لیے آئیں تو اُنہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوئی کہ اقرا نے اپنی زندگی کے خاص موقع پر مغربی طرز کے بجائے ہماری روایتی تقریب ’گود بھرائی‘ کرنے کا فیصلہ کیا۔‘


ڈیزائنر نے کہا کہ ’اقرا چاہتی تھیں کہ ہم اُن کے لیے کچھ ایسی چیز تیار کریں جو وہ اپنے بچے کو دے سکیں لہٰذا ہم نے اُن کے لیے خاص  دوپٹہ تیار کرنے کا سوچا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم نے اقرا سے کہا آپ ہمیں 100 خصوصی پیغامات دیں جو ہم اس دوپٹے پر لکھ سکیں اور پھر اداکارہ نے یاسر اور اُن کی والدہ کی مدد سے یہ کام پورا کیا۔‘

حسین نے کہا کہ ’اس کے بعد ہم نے اقرا کے دوپٹے پر 100 مختلف پھولوں کے ساتھ وہ 100 دُعائیں اور پیغامات لکھے جو اُنہوں نے ہمیں دی تھیں۔‘

ڈیزائنر نے مزید کہا کہ ’اقرا کا کہنا تھا کہ اگر اُن کی بیٹی ہوئی تو وہ یہ دوپٹہ اپنی بیٹی کو دیں گی اور اگر بیٹا ہوا تو اپنی بہو کو یہ دوپٹہ دیں گی۔‘

اقرا کے دوپٹے پر لکھے گئے پیغامات میں سے چند یہ ہیں:

اچھے اخلاق سے بہتر کچھ نہیں 
علم سب سے بڑی دولت ہے
لوگوں کے ساتھ بھلائی کروگے تو لوگ بھی تمہارے ساتھ بھلائی کریں گے
اللّہ تعالیٰ سے اپنی بھلائی کی دُعا کرو
کسی سے لڑائی نہ کرو

خیال رہے کہ گزشتہ روز اقرا عزیز کی گود بھرائی کی رسم کی گئی تھی جس کی تصاویر اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔


اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے لکھا تھا کہ ’اُن کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔‘

اُنہوں نے اس خوشی کے موقع پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکریہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’الحمداللّٰہ! ہمارا ننھا مہمان رواں سال جولائی میں اس دُنیا میں آجائے گا۔‘

دوسری جانب یاسر حسین نے اس خاص موقع پر بےحد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین سال 2019 میں ایک پُروقار تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

تازہ ترین