• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک ٹائمز کا اعلیٰ عہدیدار ساس سسر کے ہاتھوں قتل، ملزمان گرفتار

—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا
—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا میں معروف اخبار نیویارک ٹائمز کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کے 77 سالہ ساس اور سسر کو گرفتار کر لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 40 سالہ جوناتھن میک کنزی نیویارک ٹائمز میں گیمز پلیئر ایکسپیرینس کے شعبے میں ڈائریکٹر آف انجینئرنگ کے عہدے پر فائز تھے۔

انہیں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ڈبلن میں ایک پارکنگ ایریا میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے ساس اور سسر، شویونگ ژانگ اور شیلی چن کو اقدامِ قتل سمیت متعدد الزامات کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ہفتہ 26 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً سہ پہر 3 بجے ڈبلن اسپورٹس گراؤنڈز کے باہر پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے معمول کی گشت کے دوران پارکنگ میں ایک شخص کو زخمی حالت میں دیکھا، اسی دوران ایمرجنسی سروس کو بھی فائرنگ کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے میک کنزی کو بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے چند منٹ بعد دونوں مشتبہ افراد کو جائے وقوع کے قریب سے گرفتار کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق مقتول کے ساس سسر کو گرفتار کر کے سانتا ریٹا جیل میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل، مجرمانہ سازش، انتہائی غفلت سے اسلحہ چلانے اور بچوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق الزامات سامنے آئے ہیں۔

اب دونوں ملزمان کو بدھ 30 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جانا ہے، جہاں ان کے خلاف الزامات کی باضابطہ کارروائی ہو گی۔

پولیس نے قتل کا محرک باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کیا لیکن عدالتی ریکارڈ کے مطابق مقتول اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق اور بچوں کی تحویل سے متعلق قانونی تنازع جاری تھا، تاہم حکام نے یہ تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کا تعلق اسی تنازع سے تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید