• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی صحافت ہمارے منشور کا حصہ ہے: شیری رحمان

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر، سینیٹر شیری رحمان کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کہنا ہے کہ آزادی صحافت ہمارے منشور کا حصہ ہے کیونکہ صحافیوں نے ہمارے ساتھ جدوجہد کی ہے۔

شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن پر پاکستان کی صحافی برادری کو خراج پیش کرتی ہوں، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے پاکستان کو صحافیوں کے لیے دنیا کا پانچواں خطرناک ترین ملک قرار دیا۔

پی پی نائب صدر نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے لیے پیپلز پارٹی صف اول ہے اور رہے گی، صحافیوں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ آمریت کا مقابلہ کیا۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ صحافیوں نے یہ حقوق جدوجہد کرکے لیے ہیں، تباہی سرکار یہ حقوق سلب نہیں کرسکتی.

اُنہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی میڈیا پر آئے روز پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں، اس حکومت نے آزادی صحافت پرمختلف طریقوں سے پابندیاں عائد کی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزاد جمہوری حکومتیں خود کو جوابدہ بنانے کے لیے میڈیا کو آزادی دیتی ہیں،  سوال پوچھنے پر میڈیا کی تضحیک نہ کریں کیونکہ سوال کرنا میڈیا کا حق ہے۔

شیری رحمان نے مزید کہا کہ اقتدار سے سوال کرنا ہی آزادی صحافت کی نشانی ہے، وفاقی حکومت میڈیا پر قدغنیں لگانے کے بجائے آزادیوں کو یقینی بنائے۔

تازہ ترین