• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران چینی کیلئے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں، شہباز شریف


قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ  ‎حکمران عوام پر ترس کریں، چینی کے لیے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں۔

ارکان پارلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو دھکے نہ کھانے پڑتے۔

انھوں نے کہا کہ ‎حکمران عوام پر ترس کریں، چینی کے لیے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں۔

خیبر پختونخوا کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا۔


انھوں نے سوال اٹھایا کہ عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے؟ ملک میں مہنگائی کی ستائی عوام کی رمضان میں بددعاؤں سے خوف آتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قیامت خیز مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، ‎معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں کہ کتنا نقصان ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کر کے قوم کو خطرے میں ڈالا گیا، ‎کورونا وائرس سے متعلق پورے انتظامات نہیں ہوسکے۔ 

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ دوراندیشی پر مبنی حکمتِ عملی کا اب بھی فقدان ہے، حکومت اب بھی سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا قابل مذمت ہے۔

تازہ ترین