• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دسویں، 12ویں امتحانات کی تجویز،9ویں،11ویں کے پروموٹ پر غور

کراچی ( سید محمد عسکری) ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور کچھ صوبوں کی طریقہ امتحانات سے متعلق مکمل تیاری نہ ہونے کے باعث صرف 10ویں اور 12 جماعت کے امتحانات لینے اور 9ویں اور 11ویں طلبہ کو اگلی کلاسوں میں پرموٹ کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ منگل کو آئی بی سی سی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے تحت ہونے والے آن لائن اجلاس کی صدارت چیئرمین اسٹیئرنگ کمیٹی ڈاکٹر ناظم جیوا نے کی جبکہ اجلاس میں سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین، سرگودھا تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر کوثر رئیس، کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شوکت حیات، فیڈرل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر عالم نے شرکت کی۔ آئی بی سی سی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی تجویز زیر غور آئی کے امتحانات کو مختصر کرنے کے لیے لازمی مضامین کے بجائے اختیاری مضامین کے امتحان لیے جائیں تاہم اس موقع پر کہا گیا کہ سائنس کے زمرہ میں تو یہ ممکن ہے تاہم آرٹس میں اختیاری مضامین ہونے کے باعث مشکل ہوگی لہٰذا بہتر ہے کہ دسویں اور بارہویں کے امتحان لیے جائیں جبکہ نویں اور گیارہویں کے طلبہ کو بغیر امتحان اگلی کلاسوں میں بھیج دیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اگر آئی بی سی سی اس تجویز پر متفق ہوگیا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحان لیے جائیں تو پھر یہ معاملہ حتمی منظوری کے لیے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں بھیجا جائے گا اور وہاں سے منظوری کے بعد اس کا اطلاق پورے ملک میں کردیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ نے صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں امتحانات سے متعلق اپنی تیاری مکمل کرلی ہے جس کے تحت 50؍ فیصد سوالات 30؍ فیصد مختصر اور 20؍ فیصد تفصیلی جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

تازہ ترین