• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں قرنطینہ سے بچنے کا انوکھا راستہ ’سیاحتی پیکیج‘

برطانوی ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے واپس آنے والوں کے لیے برطانیہ میں ایک انوکھا ’سیاحتی پیکیج‘ سامنے آیا ہے۔

ریڈ لسٹ میں شامل پاکستان اور بھارت جیسے ممالک کے لوگ جب برطانیہ پہنچتے ہیں تو انہیں ایئرپورٹ کے قریب و جوار میں واقع ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہنا پڑتا ہے۔

ان ہوٹلوں کے اخراجات بہت زیادہ ہیں، جو برطانیہ پہنچنے والوں کو ادا کرنا ہوتے ہیں، یوں مسافر دہری پریشانی اور مشکل کا شکار ہوجاتے ہیں۔


ایسی صورتحال میں ایک سیاحتی پیکیج سامنے آیا ہے جو برطانیہ میں داخلے کے بعد قرنطینہ کی مشکل اور اضافی اخراجات سے نجات دیتا ہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پابندی کے شکار ممالک، جن کے مسافروں کو برطانیہ پہنچنے پر لازمی قرنطینہ کرنا پڑے گا، انہوں نے ترکی کا راستہ دریافت کرلیا۔

پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک جو برطانوی ریڈ لسٹ میں شامل ہیں، انہیں برطانیہ سے قبل سیاحتی پیکیج پر ترکی میں کچھ وقت گزارنے کی آفر کی جارہی ہے۔

ترکی کیونکہ ابھی تک برطانوی ریڈ لسٹ میں شامل نہیں ہے، اس لیے ٹریول ایجنسیاں یہ آفر پیکیج بیچ رہی ہیں، سیاحوں اور مسافروں سے کہا جارہا ہے کہ وہ دس دن ترکی میں قیام کے بعد برطانیہ کے لیے اڑان بھرلیں۔

سیاحتی پیکیج کے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ اس رقم سے کم خرچ ہے، جو آپ برطانوی ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران خرچ کریں گے کیونکہ وہ ترکی سے برطانیہ پہنچیں گے تو انہیں ایئرپورٹ پر کسی بھی نوعیت کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

رپورٹ کےمطابق ترکی نے فی الحال کسی بھی ملک سے آنے والے مسافروں پر قرنطینہ کی پابندی عائد نہیں کی ہے اور وہ فی الحال برطانیہ کی ریڈلسٹ میں بھی شامل نہیں ہے۔

تازہ ترین