• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے سے دوسرا ٹیسٹ آج شروع، وائٹ واش پر نظر، پاکستان کا وننگ کمبی نیشن پر بھروسہ

ہرارے(جنگ نیوز) کمزور حریف زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے وائٹ واش کرنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم انتظامیہ ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کے لئے تیار نہیں ہے۔وننگ کمبی نشین پر بھروسہ کیاجاسکتاہے۔ لیکن توقع ہے کہ 36 سالہ فاسٹ بولر تابش خان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل محنت کا صلہ مل جائے گا۔ پاکستان ٹیم انتظامیہ نے دوسرے ٹیسٹ کے لئے جن 13کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے اس میں تابش خان بھی شامل ہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعے سے ہرارے اسپورٹس کلب میں شروع ہورہا ہے۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم ہار کے خوف میں مبتلا نہیں ہیں۔ایک دم سے چار تبدیلیاں نہیں کرسکتے۔ سیٹ ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں چاہتے ہیں۔ جیو سوپر دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے میچ براہ راست دکھائے گا۔ پاکستان نے حسن علی کی 9 وکٹوں اور فواد عالم کی140رنز کی اننگز کی بدولت پہلا ٹیسٹ اننگز اور116 رنز سے جیتا تھا۔ پاکستان کی جس ٹیم نے پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا اس میں تابش خان کے علاوہ حارث روف شامل ہیں۔ بابر اعظم کہتے ہیں کہ پچ دیکھ کر گیارہ کھلاڑیوں کا فیصلہ کریں گے ۔ تابش خان نے اپنے طویل فرسٹ کلاس کیریئر میں سخت محنت کرتے ہوئے598 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان آف اسپنر ساجد خان کو ڈراپ کرکے تابش خان کو موقع دے گا۔137فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ رکھنے والےتابش خان کی شمولیت سے پاکستان کے پاس لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کے ساتھ چار فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور تابش خان کو آزمانے کا موقع ملے گا۔ آخری ٹیسٹ میں بیٹسمین سعود شکیل اور لیگ اسپنر زاہد محمود کو موقع دیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ پاکستان نے تیرہ کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔ فائنل الیون کا اعلان صبح پچ دیکھ کر کریں گے۔ 13 رکنی ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ، عابد علی ،عمران بٹ،اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف،شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان، تابش خان اور حارث رئوف شامل ہیں۔

تازہ ترین