• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشیدگی کم کرنے کیلئے ایران سے مذاکرات ہورہے ہیں، سعودی عہدیدار

ریاض (جنگ نیوز )سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کے نتیجے کی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔برطانوی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی پالیسی پلاننگ کے سربراہ زاید کریملی نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا ہے جس کے لیے سعودی عرب کو ضمانت چاہیے۔سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے رپورٹس میڈیا پر آئی تھیں تاہم پہلی مرتبہ سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیدار نے اس کی تصدیق کی ہے۔زاید کریملی کا کہنا تھا کہ ʼسعودی عرب اور ایران کے حالیہ مذاکرات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے راستے تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ʼہمیں اُمید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے لیکن کسی حتمی نتیجے تک پہنچے سے متعلق اندازہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ʼہماری پیش رفت کی بنیاد مصدقہ دستاویزات پر ہو گی نہ کہ کسی قسم کے دعووں پر ہو۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے مذاکرات میں زیر بحث آنے والے معاملات بتانے سے گریز کیا۔

تازہ ترین