انٹرنیٹ سروس کئی گھنٹے متاثر رہنے کے بعد انٹرنیٹ سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈفلیئر نے تکنیکی خرابی دور کرنے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سروس میں تکنیکی خرابی کو دور کر لیا گیا ہے، یقین ہے کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ اب حل ہوگیا ہے، سروس معمول پر رکھنے کے لیے نگرانی جاری ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کچھ صارفین کو ابھی کلاؤڈفلیئر ڈیش بورڈ پر لاگ ان مسائل کا سامنا ہے جسے حل کرنے پر کام کر رہے ہیں اور کسی بھی مزید خرابی کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ آج شام کلاؤڈفلیئر سروسز میں تکنیکی خرابی سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی تھیں۔
تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہونے والی ویب سائٹس میں اوپن اے آئی، چیٹ جی پی ٹی اور جیمینی بھی شامل تھیں۔
سروس کی بندش پر نظر ہے، پی ٹی اے کا بیان
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا تھا کہ ایکس، کلاؤڈفلیئر کو متاثر کرنے والی عالمی سروس کی بندش پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ عالمی پلیٹ فارمز اور مقامی آپریٹرز کے ساتھ رابطے میں ہیں، سروسز کی مکمل بحالی تک صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔