سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے 8 سے 16 مئی تک کیا بند ہوگا اور کیا نہیں، اس حوالے تفصیلات جاری کردی ہیں۔
سارہ اسلم کے مطابق 8 سے 16 مئی تک تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورانیے میں میڈیکل اسٹور، ویکسینیشن سینٹر، پیٹرول پمپ، دودھ دہی کی دکانیں 24 گھنٹےکھلیں رہیں گی۔
سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق مشروبات کےڈسٹری بیوٹرز، گروسری اسٹورز صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلیں رہیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کریانہ، بیکری، آٹا چکیاں، مٹھائی، پھل سبزی، گوشت کی دکانیں، ڈرائی کلینرز اورکوریئر سروسز صبح 9 سےشام 6 بجےتک کھلی رہیں گی۔
سارہ اسلم کے مطابق غلہ منڈی، سبزی پھل اور مویشی منڈیوں، آٹو ورکشاپ، تیل ڈپو، یوٹیلیٹی سروسز کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک کام کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چاند رات پر مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام اسٹالز پر جبکہ 8 تا 16 مئی کے دوران انڈور اور آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی جبکہ ٹیک اوےکی اجازت ہوگی۔
سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق جن اضلاع میں کورونا کیسزکی شرح 8 فیصد سے زائد ہے وہاں انڈور، آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی۔
اُن کا کہنا تھاکہ اس دورانیے میں کمیونٹی ہال، مارکیٹ، مزارات، تفریحی مقامات، پارکس اور پکنک اسپاٹ بند رہیں گے جبکہ اسپورٹس، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔
سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ ٹرین سروس 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی جبکہ 10 مئی شام 6 سے 15 مئی صبح 6 بجے تک بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ شہروں کے درمیان مقامی ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہوگی جبکہ رکشہ، ٹیکسی اور پرائیویٹ گاڑیوں کو 50 فیصد گنجائش کیساتھ سفرکی اجازت ہو گی۔
سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق فارماسوٹیکل صنعت، ملحقہ پیکنگ، پرنٹنگ، میڈیکل سامان، آکسیجن کی صنعت، کھانے پینے، دودھ کی صنعت اور ڈسڑیبیوشن، فلارملز ، شوگرملز، زرعی صنعت، کھاد، اسپرے کی دکانوں، ایکسپورٹ سے متعلقہ صنعت، پولٹری کی خوراک بنانے والی صنعت کو بھی استثنیٰ ہوگا۔