صوبائی وزیر تعلیم اور صدر پیپلز پارٹی کراچی سعید غنی نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل کے گھر مٹھائی بھجوادی۔
سعید غنی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں این اے 249 میں پی پی کی کامیابی کے اعلان کے بعد مفتاح اسماعیل کے گھر مٹھائی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے اعلان کیا تھا کہ اگر دوبارہ گنتی کے بعد بھی پی پی امیدوار جیت گیا تو وہ میرے گھر مٹھائی لائیں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ن لیگی امیدوار اپنا وعدہ پورا کریں گے مگر میں کل اُن کے گھر مٹھائی بھیج دوں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جس نے اس حلقے میں اپنی سیٹ گنوائی ہے، وہ پانچویں نمبر پر آئی ہے، اسے دھاندلی کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل گزشتہ روز مکمل ہوا تھا، جس میں پی پی امیدوار قادر مندو خیل کامیاب قرار پائے تھے۔
الیکشن کمیشن نے آج پی پی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔
ای سی پی کے مطابق پی پی کےقادر مندو خیل نے 15ہزار656 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے جبکہ ن لیگ کے مفتاح اسماعیل 14ہزار747ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری بار گنتی میں ن لیگی امیدوار کے 726، ایم کیو ایم کے 504، پی پی پی کے 500، پی ایس پی کے 499، ٹی ایل پی کے 457، آزاد امیدوار احمد کے 249 اور پی ٹی آئی کے 241ووٹ مزید کم ہوگئے۔