آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پرامن افغانستان کا مطلب پرامن خطہ اور بالخصوص پرامن پاکستان ہے، پاکستان ہمیشہ افغانوں کی قیادت میں افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغان مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللّٰہ عبداللّٰہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغان صدر نے بامعنی بات چیت پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا اور افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک بھی ملاقات میں موجود تھے۔
افغانستان کے دورے میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔