• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ سعودی عرب غیر معمولی نوعیت کا تھا، نتائج جلد سامنے آئیں گے ، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا دورہ غیر معمولی نوعیت کا تھا جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کے ولی عہد کی بات چیت ہوئی، پاکستان کئی پہلوؤں میں دورہ سعودی عرب پر سرخرو نظر آیا، سیاسی، معاشی اورثقافتی پہلوؤں کو فروغ دینے پر دورہ سعودی عرب میں بات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے چیلنجز ہیں جن میں ایک بیروزگاری بھی ہے، ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب میں مزید نوکریاں کرنے والوں کی مانگ ہوگی، ضروری نہیں کہ مزدوروں کی ہی ضرورت ہو، وائٹ کالر نوکریاں بھی پاکستانیوں کو ملیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ سے طے پایا کہ عید کے بعد سعودی عرب کا وفد پاکستان آئے گا، سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان آنے کی میری دعوت قبول کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کا اسلامی دنیا میں ایک نام ہے جس کے باعث مسلمان ان سے توقعات رکھتے ہیں، سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمارا ایران کے ساتھ گفتگو کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کشمیرکے معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ بات ہوئی، پاکستان نے کشمیر پر اپنا موقف سعودی عرب کے سامنے رکھا، آج بھارت کے اندر ایک بہت بڑا طبقہ مودی سرکار کے خلاف کھڑا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں لوگ آواز اٹھا رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیرمیں جو ہوا وہ غلط ہوا، سفراء کو بتایا گیا کہ ہمیں ان سے کیا توقعات ہیں اوربہتری کہاں آسکتی ہے، سفارتخانے میں کچھ آفیسر ہیں جن کو وزارت خارجہ تعینات نہیں کرتی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین میں تشدد کو فی الفور بند ہونا چاہیے، مسجد الا قصیٰ کے حوالے سے وزیراعظم سے کل رات بھی میری بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کابل کے واقعے پر مذمت کی اور افغان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، افغانوں پر ذمہ داری عائد ہوگئی ہے کہ آپس میں بیٹھ کرمسئلوں کو سلجھائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا، افغانستان میں امن سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔

تازہ ترین