• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لاکھوں روپے مالیت کے فونز، گھڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزمان گرفتار

کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے عملے نے لاکھوں روپے کے فون گھڑیاں اور دیگر سامان اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں یو اے ای سے آنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کسٹمز کے مطابق ڈپٹی کلکٹر ایئرپورٹ انعام اللّٰہ وزیر کو اسمگلنگ کی ایک خفیہ اطلاع ملنے پر متحدہ عرب امارات سے آنے والی پرواز EK606 کی نگرانی کی گئی اور سیٹلائٹ ایریا، جہاں بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ لیے جارہے ہیں وہاں پر بھی سادہ لباس میں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تاکہ ممکنہ طور پر انٹرنیشنل ڈپارچر لاؤنج کی طرف سے کسی بھی مسافر یا کسی بھی قسم کے سامان کو باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنائی جاسکے۔

انھوں نے بتایا کہ اس دوران امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 606 کے مسافروں کی کورونا ٹیسٹنگ جاری تھی تو ایک پاکستانی مسافر سفیان جو کہ اسی پرواز Ek 606 سے کراچی پہنچا تھا اس نے کورونا ٹیسٹنگ لائن سے نکل کر بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنج کی طرف جانے کی کوشش کی جس کو کسٹمز کے سٹلائٹ ایریا پر تعینات سادہ لباس اہلکار نے ناکام بنایا اور اس کی کڑی نگرانی شروع کی۔

ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں مذکورہ مسافر نے کورونا ٹیسٹ کے بعد امیگریشن ہال میں ایک اور پاکستانی مسافر سے ملاقات کی اور دونوں مسافروں نے کسٹمز ارائیول ہال کے گرین چینل سے جانے کی کوشش کی تو گرین چینل پر تعینات کسٹمز افسران نے دونوں مسافروں کو روک کر ان سے ان کے سامان کی تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے کسٹمز ایگزامینیشن کاؤنٹر پر بھیجا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ان کے دو ٹرالی بیگز دو شولڈر بیگز اور ایک پلاسٹک شاپر کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی جس کے نتیجہ میں دونوں مسافروں کے سامان سے 16 ایپل آئی فونز، 8 میک بکس، دو پلے اسٹیشن اور 36 راڈو گھڑیاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کسٹمز کے مطابق اس برآمد شدہ سامان کی کل مالیت 94 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔

کسٹمز حکام نے دونوں مسافروں محمد سفیان اور وصی حیدر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے انھیں باضابطہ گرفتار کر لیا ہے۔

دریں اثنا کسٹمز ایئر پورٹ نے 3 روز قبل پارسل کے ذریعے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی ہیروئین برمنگھم اسمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی تھی۔

خیال رہے کہ بچوں کے کپڑوں کا یہ پارسل پشاور سے برمنگھم کے لیے بک کروایا گیا تھا۔

تازہ ترین